ممبئی،28فروری( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بالاکوٹ میں جیش محمد کے ٹھکانوں پر ہندوستان کی کارروائی کے بعد سے پاکستان بوکھلا گیا ہے۔پاکستان دہشت گردوں کے دم پر ہندوستان پر حملے کی سازش رچ رہا ہے۔اس دوران دہشت گرد خطرے کو دیکھتے ہوئے ممبئی میٹرو کو الرٹ کیا گیا ہے، خطرے کو دیکھتے ہوئے ممبئی میٹرو کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔بتا دیں کہ پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستانی فضائیہ نے منگل کی صبح بالاکوٹ میں جیش محمد کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔اس بمباری میں 300 دہشت گردوں کے مارے جانے کا امکان ہے۔ہندوستان کی کارروائی کے بعد سے پاکستان خوفزدہ اور سہما ہوا ہے،وہ مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
حملے کے بعد سے ہی پاکستان کی جانب سے ایل اوسی پر جاری فائرنگ کے درمیان بدھ کو پاکستانی لڑاکا طیارے نے ہندوستانی سرحد کی خلاف ورزی کی۔سرحد میں اس کے 2 طیارے گھس آئے اور پاکستان کی جانب سے اس حرکت کے بعد کئی جموں و کشمیر اور پنجاب کے ایئر پورٹ پر طیاروں کی نقل و حرکت روک دی گئی تھی۔ریاست کے لیہہ، جموں، سری نگر اور پٹھان کوٹ کے ایئر پورٹ کو ہائی ا لرٹ پر رکھا گیا ہے۔وہیں گجرات آبی، بری اور فضائی تینوں فوجوں کو الرٹ کیا گیا ہے۔ پاکستان سرحد سے ملا ہوا ہونے کی وجہ سے گجرات بارڈر پر بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔پوربدر میں کوسٹ گارڈ کے ذریعے ہندوستانی ماہی گیروں کے لئے خاص الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ میرین کوسٹ گارڈ پر مچھلیاں پکڑنے نہ جائیں۔
خطرے کو دیکھتے ہوئے دہلی میں بھی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔دہلی میں تمام گاڑیوں کو سختی سے چیک کیا جا رہا ہے۔دہلی پولیس کے جوان ہتھیاروں سے لیس ہیں۔دہلی کے سندھ بارڈر پر پنجاب اور جموں کشمیر سے آنے والی تمام گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد ہی دہلی میں جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔دہلی پولیس نے دہلی کے تمام بارڈر پر سیکورٹی سخت کر دی ہے۔دہلی میٹرو کو بھی ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے،اس کے انتباہات کے تحت اب ہر میٹرو اسٹیشن کے کنٹرولر کو ہر 2 گھنٹے پر پورے اسٹیشن کے ساتھ ہی کار پارکنگ ایریا کی بھی جانچ کرنی ہوگی،کچھ بھی مشکوک پانے پر کنٹرول سینٹر کو اس کی معلومات دینی ہوگی۔